بلوچستان کےعلاقے مستونگ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے زیراہتمام بلوچ شہداء اور ماورائے عدالت قتل کے متاثرین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک آگاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی بس اڈہ مستونگ سے شروع ہو کر شہداء کی آرام گاہوں تک پہنچی، جہاں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی قائدین نے شہداء کی قبروں پر روایتی بلوچی چادریں چڑھائیں، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی آرگنائزر ڈاکٹر مارنگ بلوچ اور شاہ جی صبغت اللہ نے عوام سےکہا کہ وہ شہداء کے قربانی ،نظریہ اور جدوجہد کو زندہ رکھیں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔
ریلی کا مقصد 25 جنوری کو بلوچ نسل کشی کے حوالے سے دالبندین میں منعقد ہونے والےپروگرام کے حوالے سے آگاہی پیداکرنا تھا ۔

اس موقع پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے آرگنائزر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دالبندین کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں اور ظلم و ناانصافی کے خلاف اجتماعی مزاحمت کو مضبوط کریں۔
عوام کی ایک بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی اور اپنی مددوحمایت کایقین دلایا۔