افغانستان اور پاکستان کو تقسیم کرنے والی ڈیورنڈ لائن پر افغان طالبان اور پاکستانی سرحدی فورسز کے درمیان ایک مرتبہ پھر جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
وائس آف امریکہ افغان سروس کے مطابق مقامی میڈیا نے جمعرات کی شب خوست صوبے کے کچھ سرحدی علاقوں میں جھڑپوں کے بارے میں رپورٹ کیا ہے۔
کچھ طالبان عہدے داروں کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپیں رات ڈیڑھ بجے کے قریب شروع ہوئیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی فورسز نے خوست کے ضلع علی شیر میں دابگی کے علاقے میں راکٹ داغے جس پر طالبان کی سرحدی فورسز نے جوابی فائر کیے۔ ان کے بقول یہ جھڑپیں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔
وائس آف امریکہ کے پشاور سے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق عہدے داروں کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپیں صبح پانچ بجے تک جاری رہیں جس کی وجہ سے کچھ مقامی خاندانوں کو علاقہ بھی چھوڑنا پڑا۔
جھڑپوں کے دوران ہونے والے نقصان سے متعلق تاحال کوئی معلومات رپورٹ نہیں ہوئی ہے جب کہ پاکستان اور طالبان حکومت نے باضابطہ طور پر ان جھڑپوں کی تصدیق نہیں کی۔