امریکہ نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں پاکستان کی فوجی کارروائی کی رپورٹس سے آگاہ ہے۔ تاہم اس دوران بچوں کی ہلاکتوں کی رپورٹس پر تشویش ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم ان رپورٹس سے آگاہ ہیں کہ پاکستان نے افغانستان میں تحریکِ طالبان (ٹی ٹی پی) کے کیمپ پر فضائی حملے کیے ہیں۔ لیکن ہمیں اس کارروائی میں بچوں کی ہلاکت کی رپورٹس پر تشویش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کئی دہائیوں کے دوران عسکریت پسند حملوں اور ٹی ٹی پی کے حالیہ حملوں میں بھاری جانی نقصان اُٹھایا ہے۔ لیکن ہم پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ یہ یقینی بنائے کہ انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں عام شہری نہ مارے جائیں۔
خیال رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت نے تصدیق کی تھی صوبہ پکتیکا میں پاکستان کے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔ طالبان کی وزارتِ دفاع نے حملے کا جواب دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔
منگل کو پاکستان کے سیکیورٹی ذرائع نے پکتیکا میں چار مقامات پر بمباری کی تصدیق کی تھی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ عسکریت پسند سرحد پار سے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
پاکستانی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کارروائی میں اہم کمانڈروں سمیت 42 عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔