بلوچستان کے ساحلی ضلع و سی پیک مرکز گوادر کے تحصیل پسنی اور گوادر شہرمیں پاکستانی فورسز نے 2 نوجوانوں کو حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے جبکہ ایک دوسرے واقعہ میں کوسٹ گارڈ نے تحصیل جیونی میں ایک نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔
گوادر شہر سے اطلاعات ہیں کہ فورسز نے ایک نوجوان کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔
لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت نزیر ولد یار محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان دشت کمبیل کا رہائشی ہے جنہیں گذشتہ شب فورسز نے گوادر شہر سے حراست میں لیا ہے۔
جبکہ تحصیل پسنی سے سرکار کی حمایت یافتہ مسلح گروہ نے پازل اسماعیل نامی ایک نوجوان کو انکے گھر سے جبرا اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں ۔
ایک دوسرے واقعہ میں پاکستانی کوسٹ گارڈ نے تحصیل جیونی میں ایک ماہی گیر کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔
ماہی گیر کی شناخت عبدالغفار بلوچ کے نام سے ہوگئی جبکہ تشدد سے عبدالصدیق نامی ماہی گیر زخمی ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی میجر کے حکم پر اہلکاروں نے ماہیگیروں کی کشتی پر حملہ کیا اور انہیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنایاجس سے ایک ماہیگیرہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔