پی کے اور ایم ایس دھونی سمیت متعدد فلموں میں شاندار اداکاری کرنے والے بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
سشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے مبینہ خودکشی کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب کہ 2 دن قبل ہی ان کی مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی تھیں۔
سشانت سنگھ راجپوت نے 2013 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے اب تک محض ایک درجن فلموں میں ہی کام کیا تھا۔
سشانت سنگھ راجپوت کی پہلی فلم کائی پو چے تھی، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت عامر خان کی 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم پی کے سے ملی، جس کے بعد انہوں نے 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ایم ایس دھونی میں شاندار اداکاری کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت کی پھندہ ملی لاش ریاست مہاراشٹر کےدارالحکومت ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی۔
رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق بولی وڈ اداکار کی لاش ممبئی کے پرتعیش علاقے باندرا میں ان کی رہائش گاہ سے ملی اور انہوں نے اپنے کمرے کو بند کرے خودکشی کی۔
اطلاع پر پولیس نے اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے کمرے کے دروازے کو توڑ کر ان کی لاش کو پھندے سے اتارا۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ کی رہائش گاہ پر ان کے چند دوست بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی تفتیش سے ظاہر ہوتا ہے کہ اداکار نے خودکشی کی ہوگی، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے دوستوں کی موجودگی میں اپنی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر خودکشی کی۔
سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی سے دو روز قبل 12 جون کو ان مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی تھیں اور پولیس نے ان کی اچانک موت کی قتل کے واقعے کے طور پر تفتیش شروع کر کر رکھی ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی اچانک موت پر بولی وڈ شخصیات سمیت دیگر شخصیات نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا جب کہ پاکستانی شوبز، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔