تربت میں نوجوان قتل ،ہیرونک سے نعش برآمد،اوتھل میں لڑکا لڑکی کی اجتماعی خودکشی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read
The dead man's body. Focus on hand

بلوچستان کے شہر تربت میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیااور ہیرونک سے ایک نعش برآمد ہوئی ہے ۔جبکہ اوتھل میں پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان لڑکی اور لڑکے نے خودکشی کرلی۔

ضلع کے مرکزی شہر تربت کے علاقے سنگانی سر مومن محلہ میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان کی شناخت بالاچ ولد خالد، سکنہ سنگانی سر تربت کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے لاش کو تحویل میں لیکر ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

واقعے کی وجوہات اور ملزمان کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، تاہم تاحال واقعہ کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔

دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے ہیرونک میں سڑک کنارے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جسے شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں لاش کی شناخت بخشی ولد حقداد، سکنہ ہوشاب تل سر کے نام سے ہو گئی۔

مقامی ذرائع کے مطابق بخشی گزشتہ روز اپنے گھر سے نکلا تھا، جس کے بعد آج اس کی لاش ہیرونک کے علاقے سے ملی۔

واقعے کے محرکات اور ذمہ داران کے حوالے سے تاحال سرکاری طور پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

پولیس اور متعلقہ اداروں کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثنا اوتھل میں پسند کی شادی نہ ہونے پر نوجوان لڑکا اور لڑکی نے اجتماعی خودکشی کرلی۔

سندھ کے علاقے میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے کوہلی برادری کے نوجوان لڑکی اور لڑکے نے درخت پر پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

ذرائع کے مطابق خودکشی کی وجہ رشتہ کا تنازع بتایا جاتا ہے۔

ریسکیو زرائع کے مطابق ضلع لسبیلہ کے صدرمقام اوتھل کے نواحی علاقے کنڈیارو میں سندھ کے علاقے میرپور خاص سے تعلق رکھنے والے کوہلی برادری کے نوجوان لڑکی پاور بنت رویو عمر 17 سال اور لڑکے نیلو ولد ڈیوجی عمر 18 سال نے درخت پر پھندا لگا کر خود کشی کرلی۔

نعشیں ایدھی ایمبولینس کے ذریعے DHQ ہسپتال اوتھل منتقل کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق خودشی کی وجہ رشتہ کا تنازع بتایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں اوتھل میں مقامی زمیندار کے کھیتوں میں کام کرتے تھے۔

Share This Article