انسانی حقو ق کے وکیل ایمان مزاری اور اس کے شوہر کی ضمانت منظور

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کار سرکار میں مداخلت کے جرم میں گرفتار معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

پراسیکیوٹر راجا نوید کی جانب سے درخواست ضمانت کی مخالفت کی گئی تاہم عدالت نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں 20، 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

قبل ازیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا۔

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے کی۔

ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری کے وکیل قیصر امام اور زینب جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے پراسیکیوٹر کو ریمانڈ کی درخواست پڑھنے کی ہدایت کی، جس پر انہوں نے عدالت کے سامنے ریمانڈ کی درخواست پڑھی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ کے حساب سے آرڈر ٹھیک ہے؟ جس پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ جی آرڈر ٹھیک ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے پوچھا کہ لاہور ہائی کورٹ کی گائیڈ لائن کے مطابق ریمانڈ آرڈر ایسے ہوتے ہیں؟

وکیل قیصر امام نے دلائل دیے کہ کل ریمانڈ معطل کردیا تھا ابھی تک اسٹیٹس کلیئر نہیں ہوا، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ شارٹ آرڈر کردیتے ہیں کہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا جائے۔

عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز (30 اکتوبر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ’سیکیورٹی رسک پیدا کرنے‘ کے الزام میں معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کا انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔

29 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے گزشتہ روز سڑک کی رکاوٹیں ہٹا کر ’سیکیورٹی رسک پیدا کرنے‘ کے الزام میں معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل (28 اکتوبر) دارالحکومت اسلام آباد کی آبپارہ پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں معروف وکیل اور سماجی کارکن ایمان مزاری کو شوہر سمیت گرفتار کر لیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment