بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ وانسانی حقوق کارکن ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں انسانی حقوق کے معروف وکیل ایمان مزاری کی اسلام آباد میں گرفتاری پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں انسانی حقوق کے اس ممتاز وکیل اور اپنے وکیل کے بارے میں جان کر بہت پریشان ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایمان مزاری اور اس کے شوہر ہادی علی جو اسلام آباد ہائی کورٹ میں مجھ پر سفری پابندی سے متعلق میری نمائندگی کر رہی ہیںانہیں آج 28 اکتوبر کو کام پر جاتے ہوئے گرفتار کیا گیاہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ ایمان کو اس کے کام کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا ہے، خاص طور پر عدالت میں جبری گمشدگیوں کے خلاف اس کی لڑائی۔ ایمان کو بطور وکیل اپنے کردار کی وجہ سے مسلسل ہراساں کیے جانے اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوںنے کہا کہ میں اس مشکل وقت میں ایمان، اس کے خاندان اور قانونی برادری کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہوں، کیونکہ ہم دیکھتے ہیں کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔