پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری گمشدگی کے شکار ظہیر بلوچ کی عدم بازیابی کے خلاف لواحقین کی جانب سے بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں احتجاجی ریلی و مظاہرہ کیا گیا۔
لواحقین نے ریلی نکالی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی ریلی و مظاہرے میں سیاسی جماعتوں ،طلباء تنظیموں اور جبری لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت بڑی تعداد میں خواتین و بچے شریک تھے ۔
مظاہرین نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے ظہیر بلوچ کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ظہیر بلوچ سمیت تمام بلوچ لاپتہ افراد کو جلد بازیاب کیا جائے ۔
واضع رہے کہ جولائی کے مہینے میں کوئٹہ کے ریڈ زون میں ظہیر بلوچ کی بازیابی کیلئے دھرنا و احتجاجی مظاہرہ کیا گیا تھا جو ایک ہفتے سے زائد جاری رہا جسے ریاست نے طاقت وتشدد کے ذریعے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ۔خواتین ومرد رہنمائوں کو گرفتار کیا گیا۔ بعدازاں حکومت کے ساتھ گرفتار افراد کی رہائی پر دھرنا ختم کیا گیا تھا۔