بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ اگر ولادیمیر پوتن اگلے ہفتے منگولیا کا دورہ کرتے ہیں تو منگول حکام کی ’ذمہ داری ہے‘ کہ وہ انھیں گرفتار کریں۔
یہ دورہ منگل کو متوقع ہے۔
مارچ 2023 میں عدالت نے پوتن کی گرفتاری کا حکم دیا تھا جس کے بعد روسی رہنما پہلی مرتبہ آئی سی سی کے کسی رکن ملک کا دورہ کریں گے۔
عدالت نے پوتن پر جنگی جرائم کے ذمہ دار ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے صدر پوتن اور بچوں کے حقوق کے لیے روس کی کمشنر ماریا لیووا بیلووا کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔
آئی سی سی کا الزام ہے کہ فروری 2022 میں روس کے حملے کے بعد یوکرین سے بچوں کو غیر قانونی طور پر روس بھیجنے کے لیے یہ دونوں افراد ذاتی طور پر ذمہ دار ہیں۔
یوکرینی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ منگولیا پوتن کو ملک پہنچنے پر گرفتار کر لے۔ کریملن کا کہنا ہے کہ وہ اس دورے کے بارے میں فکر مند نہیں ہیں۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ماسکو میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہمارے منگولیا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر کے دورے کے تمام پہلوؤں کا احتیاط سے جائزہ لیا گیا ہے۔