بھارت کے جنوبی ریاست آندھراپردیش میں ایک کیمیکل پلانٹ میں بدھ کو ہونے والے دھماکے میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو چکی ہے جبکہ دیگر چالیس زخمی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
یہ حادثہ آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی کے شمال مشرق میں تقریباً 350 کلومیٹر کے فاصلے پر اناکاپلے ضلع میں ایشینشیا کمپنی کے پلانٹ میں پیش آیا۔ پانچ سال پرانی یہ کمپنی انٹرمیڈیٹ کیمیکلز اور ایکٹیو فارماسیوٹیکل اجزاء تیار کرتی ہے۔
ریاستی حکام نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ حکام کو شبہ ہے کہ حادثہ پلانٹ میں بجلی کی سپلائی لائن میں گربڑی کی وجہ سے ہوا۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ بدھ کو ریاست آندھرا پردیش میں پلانٹ کے کیمیکل ری ایکٹر میں دھماکے اور آگ لگنے سے مزید 40 افراد زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ چار منزلہ عمارت کی پہلی منزل کے سلیب کے نیچے کئی مزدوروں کی لاشوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
دھماکا اتنا شدید تھا کہ کچھ مزدوروں کے کٹے ہوئے جسم کے اعضاء کمپنی کے احاطے میں کچھ فاصلے تک گر گئے۔ آگ کے شعلے اور دھوئیں نے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دھماکے کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں مزدوروں کے لواحقین اور رشتہ دار یہ جاننے کے لیے پلانٹ پر پہنچ گئے کہ ان کے پیاروں کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ پلانٹ میں تقریباً 380 ملازمین دو شفٹوں میں کام کرتے ہیں۔
یہ پلانٹ ریاست کے اسپیشل اکنامک زون اچھوتپورم گاؤں میں ہے، جو 200 سے زیادہ کمپنیوں کے ساتھ 2009 میں قائم کیا گیا تھا۔ اناکاپلی بندرگاہی شہر وشاکھاپٹنم سے ملحق ہے، یہ ایک انتہائی صنعتی علاقہ ہے جس میں خطرناک کیمیائی رساو سمیت کئی حادثات ہوتے رہے ہیں۔