بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ضلع بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب شہید فدا چوک سے ڈی سی آفس تک احتجاجی ریلی نکالی ودھرنادیا۔
مظاہرین نے کوئٹہ میں لاپتہ افراد کے لواحقین پر سرکاری طاقت کے استعمال کیخلاف شدید نعرے بازی کرکے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
ریلی کے شرکاء نے شہید فدا چوک سےہوتے ہوئے مین بازار تربت اور پھر کمشنری روڈ سے مختلف شاہراہوں کا گشت کرتے ہوئے کوئٹہ میں لاپتہ افراد کےدھرنے پر سرکاری طاقت کے استعمال کیخلاف پیاروں کی بازیابی کا مطالبہ کیا اور شدید نعرے بازی کیا۔
لواحقین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینر اٹھائے تھے جن پر لاپتہ افراد کی بازیابی اور جبری گمشدگیوں کیخلاف نعرے درج تھے۔
ریلی میں لاپتہ افراد کے لواحقین کے علاوہ حق دو تحریک،بی ایس او کے دھڑوں اور عام عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔
لواحقین نے کہاکہ وہ اپنے پیاروں کی بازیابی تک ضلعی انتظامیہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دیں گے اور اس مرتبہ وہ علامتی بھوک ہرتال سمیت سڑکوں کوبھی بند کریں گے۔
یادرہے کہ ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کے فیملیز کی جانب گزشتہ دنوں پریس کانفرنس کیاگیا تھا جہاں انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے دفتر کے سامنے ایک بار پھر سے دھرنا دینے اعلان کیا تھا۔