وی بی ایم پی کا احتجاج 6109ویں روز جاری، عید کے روزاحتجاج کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کا احتجاجی کیمپ 6109ویں روز بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری ہے۔

تنظیم کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے عید کے روز سہ پہر 3 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عید کے دن احتجاج کرنے کا مقصد جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کے کرب اور اذیت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا ہے، تاکہ حکمرانوں اور ملکی اداروں کے سربراہان کو یہ احساس ہو سکے کہ متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی جدائی میں کس شدید ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ذمہ داران اس سنگین انسانی مسئلے کو سنجیدگی سے سمجھیں اور لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ ملکی قوانین کے مطابق رویہ اختیار کریں، جبکہ جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

نصراللہ بلوچ نے تمام سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور لاپتہ افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جبری گمشدگیوں اور بلوچوں کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف مشترکہ آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

Share This Article