بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں پاکستانی فوج کی رسد اورگیس پائپ لائن پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچ لبریشن آرمی کے سرمچاروں نے مچھ، بلیدہ اور ڈیرہ بگٹی میں تین مختلف حملوں میں گیس پائپ لائن اور قابض پاکستانی فوج اور ان کی رسد کو نشانہ بنایا۔
انہوںنے کہا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے گذشتہ شب بولان کے علاقے مچھ میں کوہِ باش کے مقام پر 24 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد نصب کرکے تباہ کردیا۔
قبل ازیں ایک اور کارروائی میں بی ایل اے کے سرمچاروں نے بلیدہ میں سمسوری کور کے مقام پر قابض پاکستانی فوج کو راشن پہنچانے والی گاڑی کو ضبط کرلیا۔ تاہم بعدازاں سرمچاروں نے سندھ سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کو تبیہہ کرکے گاڑی سمیت رہا کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بی ایل اے کے سرمچاروں نے 16 جون کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ پاترہ میں قابض پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو اس وقت ایک آئی ای ڈی حملے میں نشانہ بنایا جب وہ اپنے پوسٹ سے گشت کیلئے نکل رہے تھے، دھماکے کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بلوچ لبریشن آرمی ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ آزاد بلوچ وطن کے حصول تک دشمن سے جنگ جاری رہیگی۔