پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے سیکیورٹی صورتحال کوبہتر بنانا ہوگا، چین

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

چین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حکومت کو سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا۔

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں پاکستان چین مشاورتی میکانزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں سے ترقی کے نئے موقع پیدا ہوں گے لیکن ترقی کے لیے اندرونی استحکام ضروری ہے، سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہوگا، بہتر سیکیورٹی سے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

چینی وزیر کا کہنا تھا کہ مشترکہ مشاورتی میکنزم کے اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، پاکستان اور چین کی ترقی دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہوگی، چینی قیادت دونوں ملکوں کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے۔

اس موقع پرپاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، چینی وزیر کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کا باعث ہے، چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے اعلیٰ سطح کے روابط کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی، جب کہ سی پیک پر تمام ملکی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک پارٹرشپ ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی، سی پیک کے ذریعے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی۔

اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین تعاون کا نیا وژن ہے، سی پیک سے سماجی اور پائیدار ترقی اور علاقائی تعاون کو فروغ ملا، سی پیک کے ذریعے پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی، سی پیک سے پاکستان میں روزگار اور ترقی کے موقع پیدا ہوئے۔

Share This Article
Leave a Comment