بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت بے جے پی کی قیادت والا نیشنل ڈیموکریٹک اتحاد (این ڈی اے) مرکز میں حکومت بنائے گا۔
انڈیا میں بی جے پی ہیڈ کوارٹرز پر خطاب کے دوران نریندر مودی نے کہا کہ ’آج کی جیت دنیا کی سب سے بڑی اور انڈین شہریوں کی جیت ہے۔‘
مودی نے انڈین جمہوریت کو مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہر انڈین اس کی وجہ سے فخر محسوس کرتا ہے۔‘
انھوں نے نئی دہلی میں ’کلین سویپ‘ کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ کچھ علاقوں میں ان کی پارٹی کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد دوگنی ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں سات ہفتوں تک جاری رہنے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور ابتدائی رجحانات کے مطابق بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 292 جبکہ کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں نے 233 نشستیں حاصل کی ہیں۔
انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر ٹویٹ کرتے ہوئے اپنے کارکنوں اور ووٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مودی نے ایکس پر لکھا ’لوگوں نے مسلسل تیسری بار این ڈی اے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ انڈیا کی تاریخ میں اہم کارنامہ ہے۔‘