بلوچستان کے گوادر فری زون میں کام کرنے والی چینی کمپنی Han Geng Trade Company نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر اپنی فیکٹری بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
کمپنی کے مطابق پالیسی رکاوٹوں، ادارہ جاتی غیر یقینی صورتحال اور آپریشنل مسائل کے باعث برآمدات مسلسل رکی رہیں جس سے کاروبار شدید متاثر ہوا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے تمام کسٹمز اور HACCP فوڈ سیفٹی تقاضے پورے کیے، تاہم ضروری منظوری نہ ملنے کے باعث گزشتہ تین ماہ میں اسے بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں تنخواہیں، جرمانے، بجلی اور ڈیمرج چارجز شامل ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ گوادر میں سرمایہ کاری کے باوجود پالیسی کے عدم تسلسل اور نظامی رکاوٹوں نے کام جاری رکھنا ناممکن بنا دیا۔
کمپنی نےسی پیک کے تحت چین پاکستان شراکت داری کو اہم قرار دیتے ہوئے حکومت سے پالیسی عملدرآمد بہتر بنانے پر زور دیا۔
کمپنی نے ملازمین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید روزگار فراہم کرنے کے قابل نہیں رہی، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ پیشرفت گوادر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مستقبل کے لیے ایک اہم امتحان ثابت ہو سکتی ہے۔