افغانستان میں 3 ہسپانوی سیاحوں سمیت 4 افراد قتل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

افغانستان کے مقبول سیاحتی مقام بامیان میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 ہسپانوی سیاح اور ایک افغان شہری ہلاک ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے 4 افراد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کی شام میں بامیان شہر میں فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 غیرملکی اور 3 افغان شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ہسپانوی وزارت خزانہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں تین ہسپانوی سیاح شامل تھے، مزید کہا کہ کم ازکم ایک ہسپانوی شہری زخمی بھی ہوا ہے۔

یورپی یونین نے سخت الفاظ میں حملے کی مذمت کی ہے۔

یورپی یونین نے بیان میں کہا کہ اس حملے میں جن کی جانیں گنوائیں اور جو زخمی ہوئے، ہمارے ان متاثرین کے خاندانوں اور پیاروں کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں۔

ہسپتال ذرائع کی جانب سے دی گئی ابتدائی معلومات کے مطابق زخمیوں میں ناروے، آسٹریلیا، لتھوانیا اور اسپین کے باشندے شامل ہیں۔

عبدالمتین قانی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا فائرنگ کرنے والے ایک سے زائد افراد تھے۔

بامیان افغانستان کا سب سے بڑا سیاحتی مقام اور دیو بدھا کا گھر ہے، جسے 2001 میں طالبان نے تباہ کر دیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment