پاکستان بھر میں جبری گمشدگیاں، سیکورٹی فورسز نے لوگوں کوقید میں رکھا،امریکی محکمہ خارجہ

0
107

امریکی محکمۂ خارجہ نے دنیا بھر میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں بھارت، پاکستان اور دوسرے ملکوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشان دہی کی گئی ہے۔

پیر کو جاری ہونے والی رپورٹ میں اسرائیل-حماس جنگ سے پیدا ہونے والے مسائل کے علاوہ یوکرین پر روس کے حملے اور سوڈان میں خانہ جنگی کا تذکرہ بھی شامل ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی 2024 کی سالانہ انسانی حقوق کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال قومی اور مقامی سطح پر زندگی کے کئی شعبوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی قابلِ اعتماد رپورٹس ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال انسانی حقوق کی صورتِ حال میں کوئی خاص تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کی شناخت اور انہیں سزا دینے کے لیے شاذ و نادر ہی اقدامات کیے ہیں۔

رپورٹ میں پاکستان میں گزشتہ سال ہونے والے انسانی حقوق کی پامالی کے سلسلے میں متعدد مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں ماورائے عدالت قتل؛ جبری گمشدگیوں کے واقعات، حکومت یا اس کے ایجنٹوں کی طرف سے ظالمانہ، غیر انسانی، یا ذلت آمیز سلوک، من مانی حراست، سیاسی قیدی، آزادیٔ اظہار اور میڈیا کی آزادی پر سنگین پابندیاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں صحافیوں کے خلاف تشدد، صحافیوں کی بلاجواز گرفتاریاں اور گمشدگیاں، سنسر شپ، توہین مذہب کے خلاف قوانین، اقلیتوں کے خلاف واقعات، انٹرنیٹ کی آزادی پر سنگین پابندیاں، پرامن اجتماع کی آزادی میں خاطر خواہ مداخلت، خواتین کے خلاف امتیازی سلوک، جنسی تشدد، کم عمری اور جبری شادیاں، ہم جنس پرستوں، ٹرانس جینڈر افراد کو نشانہ بنانے والے تشدد یا تشدد کی دھمکیاں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں لوگوں کے اغوا اور جبری گمشدگی کے واقعات رونما ہوئے۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے کچھ اہلکاروں نے مبینہ طور پر افراد کو قید میں رکھا اور ان کے مقام کو ظاہر کرنے سے انکار کردیا۔

محکمۂ خارجہ کی رپورٹ کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں نے اطلاع دی کہ حکام نے بغیر کسی وجہ یا وارنٹ گرفتاری کے پشتون، سندھی اور بلوچ انسانی حقوق کے کارکنوں کے گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ سندھی اور بلوچ قوم پرستوں کی گمشدگی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

حکومتی سطح پر کوششوں کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نومبر 2023 میں نگراں وفاقی حکومت نے لاپتا افراد کے مقدمات کے حل کے لیے وزیرِ داخلہ کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ حکومتی کمیشن آف انفورسڈ ڈس اپیئرنس کی جانب سے اگست میں جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2011 سے اب تک کمیشن کو رپورٹ کیے گئے 9,967 لاپتا افراد کے کیسز میں سے 7,714 حل کیے گئے، جب کہ 2,253 زیرِ التوا ہیں۔

محکمۂ خارجہ نے رپورٹ میں نوٹ کیا کہ عسکریت پسند تنظیموں اور دیگر غیر ریاستی عناصر کی طرف سے تشدد، بدسلوکی، سماجی و مذہبی عدم برداشت اور لاقانونیت کے کلچر میں اضافہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق “دہشت گردی کے تشدد اور غیر ریاستی عناصر کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے انسانی حقوق کے مسائل میں اہم کردار ادا کیا۔ سال کے دوران دہشت گردی کے تشدد میں اضافہ ہوا۔ شہریوں، فوجیوں اور پولیس کے خلاف دہشت گرد اور سرحد پار سے عسکریت پسندوں کے حملوں میں سینکڑوں ہلاکتیں ہوئیں۔ فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عسکریت پسندوں اور دہشت گرد گروہوں کے خلاف اہم مہمات جاری رکھی۔”

میڈیا کی آزادی کے حقوق کی خلاف ورزیوں کی مثال دیتے ہوئے رپورٹ نوٹ کرتی ہے کہ پچھلے سال سیکیورٹی فورسز، سیاسی جماعتوں کے ارکان، عسکریت پسندوں، بااثر زمینداروں اور دیگر گروہوں نے میڈیا اداروں، صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو دھمکیاں دیں اور انہیں ہراساں کیا۔

اس کے علاوہ خواتین صحافیوں کو خاص طور پر جنسی تشدد اور ہراساں کرنے کے خطرات کا سامنا کرنا پڑا، بشمول سوشل میڈیا کے ذریعے، جہاں خواتین کی خاصی مضبوط موجودگی تھی۔ رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مبینہ طور پر صحافیوں کو اغوا کیا۔

رپورٹس کے مطابق فوج کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز میڈیا سروس (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل اور حکومت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) جیسے اداروں کے ذریعے مبینہ طور پر مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے سنسر شپ کو نافذ کیا۔

آزادی صحافت کی صورتِ حال کے بارے میں رپورٹ کہتی ہے کہ ججوں نے میڈیا ریگولیٹری ایجنسیوں کو حکم دیا کہ وہ فوج یا عدلیہ پر تنقید کرنے والے مواد پر آئینی پابندیاں نافذ کریں۔ میڈیا کو سیاست دانوں کی ان تقاریر اور انتخابات سے متعلق کوریج کو سنسر کرنے پر مجبور کیا گیا جنہیں عدلیہ مخالف یا فوج مخالف سمجھا جائے۔

گزشتہ سال نو مئی کے واقعات کے حوالے سے رپورٹ میں نوٹ کیا گیا ہے کہ پیرا ملٹری فورسز نے اس روز سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کیا۔ اس گرفتاری کے نتیجے میں ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوا۔ مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ اور راولپنڈی میں فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹر سمیت فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اس کے جواب میں حکومت نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا، ہزاروں افراد کو گرفتار کیا، جن میں پی ٹی آئی کے سیاسی کارکنان اور پی ٹی آئی کے ہمدرد صحافی شامل تھے۔

رپورٹ میں نوٹ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی ایک بڑی تعداد قید میں رہی۔ حکومت اور فوج نے اعلان کیا کہ فوجی تنصیبات پر حملے میں ملوث پرتشدد مظاہرین کا مقدمہ سویلین عدالتوں کے بجائے فوجی عدالتوں میں چلایا جائے گا۔ 9 مئی سے پی ٹی آئی کے کئی سینئر رہنماؤں کو ضمانت ملنے کے بعد بھی بار بار گرفتار کیا گیا۔

پاکستان کی حکومت کی طرف سے امریکی محکمۂ خارجہ کی رپورٹ پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here