پانچ شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے چینی تفتیش کاروں کی پاکستان آمد

0
141

پانچ چینی شہریوںکی خود کش حملےمیں ہلاکت کی تحقیقات کے لیے چینی تفتیش کارپاکستان پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ چینی تفتیش کاروں کی ایک ٹیم اس ہفتے کے شروع میں ہونے والے اس خودکش حملے کی تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے پاکستان پہنچ گئی ہے جس میں اس کے پانچ شہری ہلاک ہوئے تھے۔

پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی تازہ ترین تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے اپنے چینی ہم منصبوں کو آگاہ کر دیا ہے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعے کو چینی تفتیش کاروں کو حملے سے متعلق پاکستان کی تحقیقات کے بارے میں آگاہ کیا۔

ہلاک ہونے والے چینی انجینئرز اور کارکن منگل کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ میں ملک کے سب سے بڑے ہائیڈرو پاور پراجیکٹ داسو ڈیم کی طرف جا رہے تھے، جب ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ان کی گاڑی سے ٹکرا دی۔

اس حملے میں ایک پاکستانی ڈرائیور بھی ہلاک ہوا تھا۔

بیجنگ نے حملے کی مذمت کی ہے اور پاکستان سے کہا کہ وہ اس کی تفصیلی تحقیقات کرے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری، سی پیک پر کام کرنے والے اس کے ہزاروں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

دو روز قبل پاکستانی حکام نے چینی سفارت خانے کو حملے کے بارے میں اپنی تحقیقات کے ابتدائی نتائج سے آگاہ کیا تھا۔

یہ حملہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع شانگلہ میں ہوا جہاں ہزاروں چینی شہری چین پاکستان اقتصادی راہداری، سی پیک پر کام کر رہے ہیں جس میں سڑکوں کی تعمیر، پاور پلانٹس اور زراعت جیسے بڑے بڑے منصوبے شامل ہیں۔

چینی وزارت خارجہ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ چین نے “پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی جلد از جلد جامع تحقیقات کرے، قصورواروں کو تلاش کرے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائے۔”

ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، لیکن امکان ہے کہ علیحدگی پسندوں کے ساتھ ساتھ تحریک طالبان پاکستان یا ٹی ٹی پی کے ایک الگ ہو جانے والے گل بہادر دھڑے پر بھی شبہ کیا جا سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here