بلوچستان اسمبلی کے رکن اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔
سید فضل آغا کا کورونا ٹیسٹ کچھ روز قبل مثبت آیا تھا۔
فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ کے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ سید فضل آغا کو علاج کے لیے ابتدائی طور پر اسی ہسپتال لایا گیا تھا۔
تاہم ان کی حالت بگڑنے کے بعد انہیں کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔
سید فضل آغا کے ایک عزیز نے بھی ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔
سید فضل آغا، بلوچستان اسمبلی میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رکن بھی تھے۔
وہ 1997 سے 1999 تک بلوچستان کے گورنر رہے جبکہ 80 کی دہائی کے آخر میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین کے فرائض بھی انجام دیے تھے۔
واضح رہے کہ بدھ کو ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا بھی کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گئی تھیں۔
وائرس سے جاں بحق ہونے والی پہلی نمایاں شخصیت وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے بہنوئی تھے جبکہ سب سے پہلے متاثر ہونے والے سیاستدان پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سعید غنی تھے۔
ان کے علاوہ یہ وائرس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، وزیر خزانہ بلوچستان ظہیر بلیدی، رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کو بھی متاثر کرچکا ہے جو خوش قسمتی سے اس سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔