نیپال نے بھارت سے سرحدی کشیدگی کے بعد نیا نقشہ جاری کردیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

نیپال کی کابینہ نے بھارت سے بڑھتے ہوئے سرحدی تنازع کے بعدنئے سیاسی نقشے کی توثیق کردی جس میں بھارت کے قابض علاقے لیپولیکھ، کالاپانی اور لیمپیادرا کو نیپال کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ان علاقوں کو بھارت نے طویل عرصے سے اپنے نقشے میں ہی دکھایا ہے جب کہ نیپال کے مطابق یہ 1816کے معاہدے سگو¿لی کی خلاف ورزی ہے۔

اس ضمن میں نیپالی وزیراعظم کے پی اولی کی سرکاری رہائش گاہ پر کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں نیپالی وزیر لینڈ مینجمنٹ پدما اریال نے نیا سیاسی نقشہ پیش کیا۔

نیپالی وزیر خارجہ پردیپ کمار گاہوالی کے مطابق وزیر اعظم نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ حکومت اپنے آبا ئو اجداد کی زمین کی حفاظت کرے گی جب کہ انہوں نے تمام رہنمائوں سے اس معاملے پر تحمل سے کام لینے کی گزارش بھی کی ہے۔

دوسری جانب حکومتی ترجمان یوراج خطی واڈا نے کہا کہ نیا سیاسی نقشہ ہر سرکاری ادارے اور تمام نصابی کتب میں بھی استعمال ہوگا۔

نیپال کی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب بھارت کی وزارت دفاع نے حال ہی میں لیپولیکھ سے گزرنے والی چین کی سرحد کے لیے ایک لنک روڈ کا افتتاح کیا۔

اس لنک روڈ کے افتتاح کے بعد نیپال کی حکومت کی جانب سے ایک پریس نوٹ جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ 1816 کے سگو¿لی معاہدے کے مطابق دریائے مہاکالی کا مشرقی علاقہ نیپال کا ہے جب کہ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ انہوں نے روڈ اپنے ہی علاقے میں بنایا ہے۔

خیال رہے کہ لیپولیکھ کا علاقہ چین، نیپال اور بھارت کی سرحدوں سے متصل ہے، نیپال بھارت کے اس اقدام کے بعد ناراض ہے جب کہ لیپولیکھ میں قبضے کے معاملے پر نیپال میں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

Share This Article
Leave a Comment