کچھی : بالاناڑی میں شوہر کی فائرنگ سے بیوی اور 3 کم سن بچے ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلو چستان کے ضلع کچھی کے علا قے بولان میں شوہر کی فائرنگ سے بیوی اور 3 کم سن بچے ہلاک ہو گئے ہیں ۔

ضلع کچھی بولان کے علاقے بالاناڑی کے گائوں حاجی تاج میں ایک شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنی بیوی اور تین معصوم بچوں کو قتل کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم شبیر احمد لاشاری نے گھر کے اندر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی بیوی مسماۃ (ن) اور تین کم سن بچے ضمیر ،نفیسہ اور علیزہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

واردات کے فورا ًبعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی حاجی شہر پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی ۔

ایس ایچ او حاجی شہر کے مطابق لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال سبی منتقل کر دیا گیا ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم شبیر احمد لاشاری کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article