روان مہینے 8 فروری کو منعقدہ پاکستان کے عام پارلیمانی انتخابات کے قریب آتے ہی بلوچستان بھر میں الیکشن کیمپین مراکز، امیدواران ، سیکورٹی فورسز اورالیکشن سرگرمی میں فعال عناصر کیخلاف حملوں میں شدید تیزی آئی ہے ۔
گذشتہ روز بلوچستان بھر میں درجن بھر سے زائد حملے ، دھماکے اور فائرنگ کے واقعات سامنے آئے ۔
بلوچستان کی آزادی کیلئے سرگرم بلوچ مسلح تنظیمیں بلوچستان کے عوام سے پہلے ہی اپیل کرچکی ہیں کہ وہ ان انتخابات کا حصہ نہ بنیں کیونکہ ان انتخابات کا حصہ بننے کا مقصد بلوچستان پرپاکستان کے قبضے کو تسلیم کرنا ہے ۔
بارکھان کے علاقے ناھڈ کوٹ میں نامعلوم افراد نے ایک سرکاری عمارت کو بم حملے میں تباہ کردیا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق مذکورہ عمارت کو آنے والی انتخابات کیلئے بطور پولنگ سٹیشن استعمال کرنے کی تیاری ہورہی تھی۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے مند بلو سے ایک تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے جس کے سر پر پتھر مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔
لاش کی شناخت عبدالجلیل ولد محمد کے نام سے کی گئی ہے جسے لیویز فورس نے ضروری کاروائی کے لیے تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا۔