بلوچستان کے ضلع گوادر کے علاقے پلیری اور مند میں پاکستانی فورسز اور انتخابی امیدوار فدا حکیم پر بم حملے ہوئے جس سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے ۔ جبکہ سوراب میں جمعیت علماء اسلام کے رکن حاجی عبدالحمید مینگل مسلح افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
گزشتہ شام گوادر کے علاقے پلیری میں کوسٹل ہائی روڑ پر کھڑے پاکستانی فورسز کے اہلکاروں پر آئی ای ڈی دھماکہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 2اہلکار زخمی ہوئے۔
زخمی اہلکارں کو طبعی امداد کے لیے گوادر منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع نے مزید بتایا کہ زخمی اہلکاروں کا تعلق بدنام زمانہ پاکستان فورس سی ٹی ڈی تھا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں پاکستانی فورسز پر اس طرح کے حملے ہمیشہ بلوچ آزادی پسند تنظیموں کی جانب سے قبول کی جاتی ہیں۔
تاہم مذکورہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کے علاقے مند میں نامعلوم افراد نے ایک آزاد انتخابی امیدوار کے گھر کو بم حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
واقعہ مند کے علاقے بلوچ آباد کے مقام پر پیش آیا ہے جہاں کل رات نامعلوم افراد نے فدا حکیم نامی شخص کے گھر کو بم حملے میں نشانہ بنایا۔
فدا حکیم کے بارے میں علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کا تعلق سرکاری حمایت یافتہ گروہ سے ہے، جس کو حرف عام میں ڈیتھ اسکواڈ کہتے ہیں۔
گذشتہ شب حملے میں نقصانات کی تفصیلات تاہم سامنے نہیں آسکے۔
دریں اثنا سوراب میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جمعیت علماء اسلام کے رکن حاجی عبدالحمید مینگل کو ہلاک کردیا ہے۔
فائرنگ کا واقعہ چھڈ گدر میں مدرسے کے قریب پیش آیا۔