بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے سیشن کورٹ نے گذشتہ دنوں سی ٹی ڈی کے فیک انکائونٹر میں مارے جانے والے بالاچ بلوچ کے قتل پر پولیس کو سی ٹی ڈی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔
بالاچ کی میت کے ہمراہ ہفتے کی صبح ہزاروں مرد و خواتین اور بچوں نے شہید فدا چوک سے سیشن کورٹ تک احتجاجی ریلی نکالی اور عدالت کے سامنے دھرنا دیا۔
مظاہرین کا عدالت سے مطالبہ تھا کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں پربالاچ کے قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔
سیشن کورٹ کے جج تربت نے بالاچ قتل کیس میں CTD کے ایس ایچ او ، تفتیشی افسر ، لاک اپ انچارج اور ریجنل افیسر کے خلاف درخواست زیر دفعہ 22A ض ف منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف FIR درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سیشن کورٹ کے سامنے حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الر حمن، بی این پی کے قائم مقام سربراہ ساجد ترین ایڈووکیٹ، وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے ماما قدیر اور دیگر نے شرکت کی اور مظاہرین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
مظاہرین نے پولیس تھانے کے سامنے دھرنا دیدیا اور مقدمے کے اندراج تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیاہے۔