خلیج عرب میں جاسک کے ساحل کے قریب اتوار کے روز مشقوں کے دوران ایرانی جنگی بیڑے سے غلطی سے ایک میزائل فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 40 ایرانی فوجی جن میں سینیر افسران شامل ہیں ہلاک ہوگئے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب مشقوں کے دوران ایران کے جنگی بیڑے’جماران’ سے ‘کنارک’ کشتی کو کروز میزائل سے غلطی سے نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مقرب اخبار’جوان’ کے نامہ نگار وحید حاجی پور کا کہنا ہے کہ میزائل لگنے سے کشتی الٹ گئی اور اس پر سوار کم سے کم 40 فوجی ہلاک ہوگئے۔ ان میں سے18 فوجیوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
اس حملے کی متعدد ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں زخمیوں کی مرہم پٹی کرتے اورانہیں چاہ بہار اسپتال منتقل کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے ‘جمارا’ جنگی جہاز 2010ءکو پہلی بار سمندرمیں اتارا تھا۔ 95 میٹر طویل اس جہاز پر ، جدید مواصلاتی نظام، وار فیئر سینسر اور ایک ہیلی کاپٹر لینڈنگ پلیٹ فارم بھی موجود ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں ایسی ہی ایک غلطی رواں سال 8 جنوری کو اس وقت ہوئی تھی جب تہران میں پاسداران انقلاب نے ایک یوکرینی مسافر جہاز پر میزائل مار تباہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں اس پر سوار 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔