افغانستان : زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے متجاوز

0
126

افغانستان کے صوبے ہرات میں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی ہے ۔

افغان حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ زلزلے کی وجہ سے ایک ہزار افراد زخمی جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق مغربی افغانستان میں ہفتے کے روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 320 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی۔ جس کے سبب انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا جبکہ بادغیس اور فرح صوبے میں بھی آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ہرات شہر سے 40 کلومیٹر شمال مغرب میں 25 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اس زلزلے کے بعد چار ضمنی جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق مقامی وقت کے صبح 11 بجے آنے والے زلزلے کے بعد ہرات شہر کے لوگ رہائشی عمارتیں چھوڑ کر باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے قریب ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے محسوس کیے گئے۔

ترجمان ڈپٹی گورنمنٹ کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں زندہ جان اور غوریان اضلاع کے ہرات کے 12 دیہاتوں میں600 سے زائد گھر تباہ اور 4200 افراد متاثر ہوئے جبکہ ملبے سے مزید لوگوں کو نکالنے کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان ڈپٹی گورنمنٹ نے مزید بتایا کہ بدقسمتی سے زلزلے میں ہونے والی اموات بہت زیادہ ہیں اور زلزلے کے باعث ہرات کے خوفزدہ شہری سڑکوں پر موجود ہیں۔

دوسری جانب افغانستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائق کی جانب سے ملبے تلے دبے مزید افراد کی اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل بھی گزشتہ سال جون میں افغانستان کے مشرقی حصے میں زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا جسے دو دہائیوں کا سب سے خطرناک زلزلہ قرار دیا گیا تھا جس میں کم از کم ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 1500کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here