بلوچستان کے سابق وزیر جے یو آئی کے مرکزی رہنما سخی میر امان اللہ خان نوتیزئی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں انکشاف کیا ہے کہ سیندک پروجیکٹ کے سی ایس آر فنڈ کوسیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیندک پروجیکٹ سی ایس آرفنڈز کو فوری طور پر بند کیا جائے۔ ایک سیاسی پینل فنڈز کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے اور فنڈز کی مکمل تحقیقات بھی ہونی چایئے کہاں کہاں پر کس مد میں یہ فنڈز خرچ ہوئے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ سی ایس آر فنڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر ہمیں تشویش ہے کیونکہ یہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبیلٹی فنڈ ہے یہ بلا تفریق اور سیاسی مقاصد کے بغیر عوام پر خرچ ہوجانا چایئے تھا مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس فنڈز کو سیاسی مقاصد کے لیے ایک خاندان استعمال کررہی ہے۔
انھوں نے کہاکہ سیندک پروجیکٹ کا بھی فوری طور پر تحقیقات کی ضرورت ہے کیونکہ پروجیکٹ کو کون کون شیر مادر سمجھ کر ہضم کررہا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ علاقے کے اندر 20 سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے سیندک پروجیکٹ چل رہا ہے مگر مخصوص ٹولا پروجیکٹ کو اپنی ذاتی اور سیاسی مقاصد کے استعمال کرکے خوب پیسے کمارہا ہے مگر عوام آج بھی بدترین زندگی گزاررہے ہیں ہم الیکشن کمیشن پاکستان اور بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ چاغی میں سی ایس آر فنڈز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کو فوری طور پر روکا جائے اور تحقیقاتی ادارے اسکی مکمل تحقیقات کریں اصل حقائق عوام کے سامنے لائی جائے۔