بھارت نے کینیڈا کے شہریوں کے لیے ویزہ سروس معطل کر دی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ویزہ کے لیے معاونت فراہم کرنے والی کمپنی بی ایل ایس انٹرنیشنل نے بھارتی مشن کے حوالے سے کہا ہے کہ کینیڈین شہریوں کے لیے بھارت کے ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔
بی ایل ایس کے مطابق بھارتی مشن نے ویزوں کی معطلی کی وجہ آپریشنل مسائل کو قرار دیا ہے۔
بھارتی مشن کے مطابق ویزوں کا اجرا تاحکمِ ثانی معطل رہے گا۔
کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے پیر کو پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
تاہم بھارت نے ان الزامات کی تردید کی تھی۔
جسٹن ٹروڈو کے الزامات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔
دونوں ممالک ایک دوسرے کے سفرا کو ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کر چکے ہیں۔