کشمیرمیں شدت پسندوں کے حملے میں 3 بھارتی سیکورٹی اہلکار ہلاک

0
123

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں شدت پسندوں کے حملے میں فوج اور پولیس کے3 افسر ہلاک ہوگئے۔

اس سلسلے میں بھارتی عہدیداروں نے کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ میں شدت پسندوں کے ایک حملے میں دو فوجی افسروں اور مقامی پولیس کےایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کی ہلاکت اور ایک اور اہل کارکے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

عہدیداروں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کی 19راشٹریہ رائفلز (12سکھ لائٹ انفٹری) کے کمانڈنگ آفیسر کرنل من پریت سنگھ بھی شامل ہیں جو فوج، مقامی پولیس اور وفاقی پولیس فورس سی آر پی ایف کی اُس مشترکہ ٹیم کی قیادت کر رہے تھے جو اننت ناگ کے کُکر ناگ علاقے کے ایک دور دراز گاؤں گڑول میں شدت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر بدھ کو وہاں پہنچی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز جونہی گاؤں میں داخل ہوئیں، تاک میں بیٹھے شدت پسندوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کرنل سنگھ، فوج کے ایک اور آفیسر اشیش دھوناک اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بٹ اور ایک اور فوجی اہل کار شدید زخمی ہوگئے۔

دارالحکومت سری نگر میں پولیس حکام کے مطابق ان چاروں کو ایک ہیلی کاپٹر میں شہر کے بادامی باغ کنٹونمنٹ ایریا میں لایا گیا اور پھر وہاں واقع 92 بیس (فوجی) اسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن کرنل سنگھ، میجر دھوناک اور ڈی ایس پی بٹ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گڑول میں شدت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ جاری ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے اس علاقے میں پیرا ٹروپرز اتارے ہیں اور پیادہ فوج اور جموں و کشمیر پولیس کے عسکریت مخالف اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) پر مشتمل کمک بھی وہاں پہنچ گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here