بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام سردار عطا اللہ مینگل کے دوسری برسی کے مناسبت سے ریلوے ہاکی گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ وسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل نے کہاکہ آج ہم جیلوں میں جانے والے ایئرکنڈیشن اور فائیو سٹار ہوٹلوں جیسی مراعات مانگتے ہیں، ہمارے اکابرین نے مشکل حالات میں جیلیں کاٹیں، ہمارے اکابرین جیلوں میں جانے پر فخر کرتے تھے، آج کے سیاستدان جیل تو دور، ریل میں جانے سے بھی کتراتے ہیں۔
سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ آپ کتنے طاقتور ہو، اپنے بچوں کے گردے کچھے چبا دیے، آپ سے نہ ہمسائے خوش ہیں نہ کوئی دوست، اس خطے میں کون ہے جو آپ سے خوش ہے، جنہوں نے اپنے خون سے اس سر زمین کی حفاظت کی انہیں غدار کہا جاتا ہے۔
ہمارے اکابرین کی وفات کا دن سرکاری سطح پر نہیں منایا جاتا ہے، ہمیں اپنے اکابرین پر فخر ہے جنہوں نے اپنی عوام کی پگڑی اونچی کی۔
سردار اختر مینگل کہا ہم آج بھی اپنے گمشدہ لوگوں کے انتظار میں ہیں، بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کو بلوچستانی مانتے ہیں، بلوچستان کی تمام سیاسی قوتیں الیکشن نہیں بلکہ ایک نکاتی ایجنڈا پر متحد ہوں، میں بحیثیت کارکن بن کر اس اتحاد میں تاقیامت چلنے کو تیار ہوں۔
سردار اختر مینگل نے مزید کہاکہ ہم اس سر زمین کے نمک حلال ہیں، تجربات نے ملکی معاشی حالات کو اس نہج تک پہنچا دیا، دوست ہم سے ناراض ہوچکے ہیں۔