پاکستان کے افغانستان سے ملحقہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے پاکستانی فو ج پر حملے میں ایک میجر سمیت 2 اہل کار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
شمالی وزیرستان کے سول انتظامی عہدیداروں نے ذرائع ابلاغ کو اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افرادنے یہ حملہ تحصیل میرانشاہ کے انغڑ اور ٹل گاؤں کے درمیان سیکیورٹی فورسز پر کیا ۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اس واقعے کے بارے میں ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
ابھی تک کسی فرد یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم سول اور پولیس عہدیدار اسے دہشت گردی کی واردات قرار دے رہے ہیں۔
مقامی سول انتظامی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت میجر عامر اور سپاہی آصف کے نام سے ہوئی ھے جب کہ زخمی اہل کار کی شناخت ضیاء اللہ کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔
سول انتظامی عہدیداروں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں اور زخمی اہل کار کو میرانشاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ اس واقع کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔