خان کلات نے ریاست بلوچستان کو بچانے کی کوشش نہیں کی، ڈاکٹر نصیر دشتی

0
174

بی این ایم کے زیر اہتمام لندن میں گیارہ اگست کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے ڈاکٹر نصیر دشتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ اگست کی تاریخ بیان کرنے سے پہلے اس کے پس منظر میں جانا ہوگا کہ ہمیں 11 اگست کو آزادی حاصل کرنے کی ضرورت کیوں پڑی اور ہمیں کن مقاصد کے تحت برطانیہ عظمیٰ نے اپنی غلامی میں دکھیلا اور برصغیر سے برطانوی انخلاء کے بعد کن عزائم کے تحت برطانیہ کی شہہ پر بلوچستان کو نومولود ملک پاکستان کے قبضے میں دیا گیا۔

انھوں نے کہا انیسویں صدی کی ابتدائی دہائیوں میں دنیا پر چند طاقتوں کی اجارہ داری تھی جن میں دو عالمی طاقتیں برطانیہ اور روس سرفہرست تھیں جبکہ فرانس اور اسپین بھی عالمی طاقتوں میں شامل تھیں مگر ان کی اجارہ داری مغرب میں لاطینی امریکہ اور براعظم افریقہ تک تھیں جبکہ برطانیہ کا قبضہ براعظم آسٹریلیاء سے لے کر براعظم امریکہ اور ایشاء میں ہندوستان ان کی اہم کالونی اور منڈی تھی، دوسری طرف روس وسطی ایشیا میں اپنے قبضے کو وسعت دے رہا تھا۔

ڈاکٹر نصیر دشتی نے بلوچستان پر برطانوی قبضے کی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ابتداء میں ہندوستان میں برطانیہ نے اپنی سرحد کو دریائے سندھ تک رکھا مگر مغرب میں روسی توسیع پسندانہ عزائم، وسطی ایشاء کی روسی قبضے میں چلے جانے، ہندوستانی سرحد سے چند سو کلومیٹر کے فاصلے پر آنے اور اپنی سب سے منافع بخش کالونی ہندوستان کو کسی ممکنہ روسی حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے انھوں نے اپنی فارورڈ پالیسی بنائی جس کے تحت انھوں نے افغانستان کو اپنی کالونی بنانے اور ایک کٹھ پتلی حکمران کے تخت نشین کرانے کے لیے کوششیں شروع کی تاکہ افغانستان کو بطور ایک بفر اسٹیٹ استعمال کیا جاسکے۔اسی مقصد کے تحت انھوں نے افغانستان پر پشاور اور بلوچستان کے راستے یلغار کرکے وہاں قبضہ کیا اور کٹھ پتلی حکمران شاہ شجاع کو دوست محمد کی جگہ حکمران بناکر واپس آگئے جبکہ ایک معمولی سی واقعے کو بہانہ بناکر انگریزوں نے ریاست کلات پر حملہ کرکے خان کلات کو سینکڑوں ساتھیوں سمیت قتل کردیا جس سے بلوچستان کی غلامی کے تاریک دن شروع ہوگئے۔

انھوں نے کہا اسٹریٹجک اہمیت کی وجہ سے انگریزوں نے افغانستان سے متصل بلوچستان کے علاقوں کو برٹش بلوچستان کے نام پر الگ کرکے براہ راست اپنی تسلط میں رکھا جبکہ باقی ماندہ ریاست کلات کو ایک ماتحت ریاست کے طور پر کٹھ پتلی خوانین کلات کے ذریعے چلایا گیا جو مستونگ معاہدے کے بعد اپنی داخلی اور خارجی معاملات چلانے کے لیے تاج برطانیہ کے محتاج تھے۔

ڈاکٹر نصیر دشتی کے مطابق بلوچستان کے مستقبل کو دوسرا جھٹکا اس وقت لگا جب روس میں لینن اور بالشویک پارٹی کی قیادت میں مزدور دوست سوشلسٹ انقلاب برپا ہوا جس کی وجہ سے برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں مزدوروں کو ایک امید کی کرن نظر آئی اور انھوں نے اپنی کوششوں کو مزید تیز کردیا۔ اسی سوشلسٹ انقلاب کی خوف سے برطانیہ نے برصغیر سے انخلاء سے پہلے اسے تقسیم کرنے کا خفیہ پلان بنایا۔ اسی پلان کے مطابق انھوں نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ آزاد ملک پاکستان بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ سوویت روس اور بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی ریاست ہندوستان کے درمیان بفر اسٹیٹ کا کام کرسکے اور سوویت پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

ڈاکٹر نصیر دشتی نے 1947 کے واقعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب انگریزوں نے ہندوستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا تب خان آف کلات جو ایک نااہل حکمران تھا کو دیگر بلوچ رہنماؤں نے قائل کیا کہ انگریز واپس جارہے ہیں اس لیے ان سے بلوچستان کی آزادی بات کریں۔بلوچ سیاس شخصیات کے اصرار پر خان آف کلات نے محمد علی جناح کو اپنا وکیل چنا تاکہ وہ بلوچستان کا مقدمہ لڑسکے، مختلف کوششوں کے نتیجے میں 3 جون پلان کے تحت اور انگریزوں کی اجازت سے خان آف کلات نے ریاست قلات کی آزادی کا اعلان کردیا تاہم وہ برٹش بلوچستان کے علاقے انگریز سے وا گزار کرانے اور بعد میں پاکستان میں شامل ہونے سے نہ روک سکے۔

انھوں نے کہا ریاست کلات 11 اگست کو آزاد ہونے کے بعد مشکل سے نو مہینے آزاد رہنے کے بعد انگریزوں کے خفیہ مقاصد اور ان کی مدد سے نومولود ریاست پاکستان کے قبضے میں چلا گیا جبکہ نااہل خان آف کلات نے کسی بھی سطح پر اپنے ریاست کو بچانے کی کوشش کی نہ انھوں نے اپنے بھائی آغا عبدالکریم خان اور اس کے ہمنواؤں کی مدد کی جو ریاست کلات پر جبری قبضے کے خلاف مزاحمت کرنا چاہتے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here