بلوچستان کے سی پیک مرکز شہرگوادر میں چینی انجینئرزپرحملے کے بعد چین نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملہ آوروں کو سخت سزائیں دیں اور چینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
پاکستان میں چینی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گوادر پورٹ پراجیکٹ کے قریب چینی قافلے پر فائرنگ کی گئی اور بموں سے حملہ کیا گیا۔ یہ قافلہ گوادر ایئرپورٹ سے ساحلی علاقے کی جانب آ رہا تھا۔
اس کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
چین نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان ’حملہ آوروں کو کڑی سزائیں دے اور چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرے۔‘
اس نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستانی حکام اس حملے کی مفصل تحقیقات کریں اور مستقبل میں ایسے حملے ہونے سے روکیں۔