بلوچستان کے علاقے لورالائی اور وندر میں دو مختلف حادثات سے 2 بچے ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ تربت میںفائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا ور پنجگور سے ایک لاش برآمد ہوگئی ہے ۔
لورالائی کے علا قے کلی سگھر میں پیر کے روزشادی کی تقریب کے دوران تیز ہوا چلنے کے دوران شمسی توانائی کا فریم گرنے سے ایک بچی ہلاک جبکہ دوسری زخمی ہو گئی۔
لاش اور زخمی کوفوری طوپر ہسپتال منتقل کر دیا گیاجہاں ضروری کارروائی کے بعدلاش ورثاءکے حوالے کر دی گئی جبکہ زخمی کو مزید علا ج و معالجے کے لئے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب گزشتہ روز سونمیانی وندر کے پہاڑی علاقے سسی پنوں کے قریب واقع احمد باکھڑا گوٹھ کے رہائشی اللہ داد باکھڑا کے کمسن بیٹے علی محمد باکھڑا جس کی عمر 8 سال بتائی جاتی ہے اور وہ جماعت آٹھویں کا طالب علم تھا کو زہریلے سانپ نے اچانک ڈس لیا ۔
متاثرہ بچے کو وندر کے سرکاری ہسپتال میں طبی امداد کی فراہمی کے بعد کراچی ریفر کر دیا گیا۔ جہاں پر وہ جسم میں زہر پھیل جانے کے باعث جانبر نہ ہو سکا۔ اور کراچی کے ہسپتال میں چل بسا۔
دریں اثنا پنجگور میں چار روزقبل دریائے رخشان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے شخص کی لاش کلگ کے علاقے درادک سے برآمد کر لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پنجگور میں چار روز قبل عیسئی اور تسپ کے درمیانی علاقہ سیڈے سر، میں دریائے رخشان کے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے بلیدہ کے رہائشی صغیراحمد ولد فقیر کی لاش کلگ کے علاقے درادک سے برآمد ہوگئی ہے ۔
واضح رہے کہ صغیر احمد کے سیلابی ریلے میں بہنے کی وڈیو بھی سوشل میڈیا میں وائرل ہوگئی تھی اور ایک شخص اسے بچانے کی کوشش میں دوڑرہا تھا تاہم وہ ناکام رہا سیلابی ریلا اسے بہا کر لے گیا جس کے بعد ورثا نے مرحوم کی نعش کو تلاش کرنا شروع کردیا اوروہ درادک کے مقام پر صغیر کی نعش کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگئے ۔
علاوہ ازیںضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاؤن میں گذشتہ شب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سےایک شخص زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق سیٹلائیٹ ٹاؤن تربت میں ایئرپورٹ چوک پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے یارجان عرف یاری سکنہ سولبند کو زخمی کردیا۔
یارجان بلوچ معروف سماجی شخصیت بلوچی میوزک پروموٹر سوسائٹی کے مرکزی رہنما واجہ بجار بلوچ کے بھائی ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک گولی ان کے پاؤں پر لگی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔