امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین روس کی مغربی پابندیوں سے بچنے میں مدد کر رہا ہے اور ممکنہ طور پر ماسکو کو یوکرین میں استعمال کے لیے فوجی اور دوہری استعمال کی ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے۔ یہ تشخیص نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کے دفتر نے کی اور خفیہ معلومات پر ایوان کی سٹینڈنگ کمیٹی نے اسے جاری کیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ چین کچھ دوہری استعمال کی ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے جسے ماسکو کی فوج بین الاقوامی پابندیوں اور برآمدی پابندیوں کے باوجود یوکرین میں جنگ جاری رکھنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کسٹم ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ چین میں سرکاری دفاعی کمپنیاں روسی سرکاری دفاعی کمپنیوں کے لڑاکا طیاروں کے لیے جہازوں کے نیویگیشن آلات، جیمنگ ٹیکنالوجیز اور اسپیئر پارٹس فراہم کر رہی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ سال ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد چین روس کے لیے زیادہ اہم پارٹنر بن گیا ہے۔ چین اور روس نے چینی یوآن میں طے شدہ دوطرفہ تجارت میں حصہ بڑھایا ہے اور دونوں ملکوں کے مالیاتی ادارے باہمی کرنسی میں ادائیگی کے نظام کے استعمال کو بڑھا رہے ہیں۔
یاد رہے فروری 2022 میں ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد سے چین نے بارہا روس کو فوجی سازوسامان بھیجنے کی تردید کی ہے۔