پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں فورسز پر ایک اور حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میںایک اہلکارہلاک جبکہ 2 حملہ آوروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔
یاد رہے کہ آج خیبر پختونخوا کے دارلحکومت پشاور میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کے ناکے پر حملہ کیا تھاجس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق خیبر کے باڑہ بازار میں تھانےپردھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق خیبر کے باڑہ بازار میں تھانے کے مرکزی گیٹ کے قریب دھماکا ہوا جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ بھی کی گئی۔
کہا جارہا ہے کہ فورسز نے باڑہ مارکیٹ میں دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں جب کہ دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کاکہنا ہےکہ دھماکا باڑہ تحصیل کمپاونڈ کے مرکزی گیٹ پر تلاشی کے دوران ہوا جس میں ایک اہلکارہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق کمپاؤنڈ کے اندر باڑہ تھانہ، سرکاری اور دیگر اہم دفاتر ہیں جب کہ تھانے کے اندر سی ٹی ڈی سیل بھی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ابتدائی تحقیقات کے نتیجے میں باڑہ بازار میں دھماکا بظاہرخودکش لگ رہا ہے۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں ایک لاش اور تین پولیس اہلکاروں سمیت چار زخمی لائے گئے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات نے دعویٰ کیا ہے کہ کمپاؤنڈ پر دوشدت پسندوںنے حملہ کیا، ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ اور دوسرے نے عقب سے عمارت میں داخلےکی کوشش کی، اہلکاروں نے حملہ آوروں کو عمارت کے اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں خودکش حملہ آور مارے گئے۔
آئی جی پولیس کاکہنا ہےکہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے حملہ آوروں کے اعضاء کے نمونے حاصل کرلیے۔