نائجیریا میں ایک کشتی حادثے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ۔
حکام کے مطابق تقریباً 300 باراتیوں کو لے کر واپس لوٹنے والی کشتی دریائے نائجر میں لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرا کر دو حصوں میں ٹوٹ گئی۔
حکام کے مطابق غرقاب ہو جانے والی کشتی پر سوار افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔
پولیس اور مقامی حکام کے مطابق شمال وسطی نائجیریا کے کوارا ریاست میں دریائے نائجر میں پیر کے روز ایک کشتی کے غرقاب ہوجانے سے 100سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ لوگ ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
حکام نے بتایا کہ کشتی پر 300 سے زیادہ افراد سوار تھے اور یہ نائجر ندی میں لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں ٹوٹ کر غرقاب ہو گئی۔
کوارا ریاست کی پولیس کے ترجمان اوکاسانمی اجائی نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ "کشتی حادثے میں اب تک 103 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ تقریباً100افراد کو بچا لیا گیا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ "بدھ کے روز بھی تلاش اورامداد کا کام جاری ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔”
ایک مقامی ذمہ دار عبدالغنا لکپاڑا نے بتایا کہ ” کشتی پر گنجائش سے زیادہ لگ بھگ 300افراد سوار تھے، جب یہ باراتی واپس لوٹ رہے تھے تو کشتی لکڑی کے ایک بڑے کندے سے ٹکرا گئی اور دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔”
انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح تین بجے پیش آیا اور اس کے چند گھنٹے کے بعد بچاو اور راحت کی کارروائی شروع کی گئی۔
کوارا کے گورنر کے دفتر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرین کوارا کے پتیگی ضلع سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے، "گورنر کو پتیگی کے مختلف قصبوں کے مکینوں کی کشتی حادثے میں ہلاکت کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس حادثے پر متاثرین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔”بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گورنر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔