ایران کے شہر کرج میں ایک پُل پر فضائی حملے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ حملے کی ویڈیو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شیئر کی، جس میں پُل پر شعلے اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
ٹرمپ نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ "ایران کا سب سے بڑا پُل زمین بوس ہو گیا ہے، اب کبھی استعمال کے قابل نہیں رہے گا، آگے اور بھی بہت کچھ ہونے والا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "وقت آ گیا ہے کہ ایران مزید تاخیر سے پہلے کوئی معاہدہ کر لے، ورنہ اس عظیم ملک کے ممکنہ مستقبل میں کچھ بھی باقی نہیں رہے گا۔”
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ انہیں اس حملے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ امریکی محکمہ دفاع نے بھی تاحال اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
حملے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک سخت بیان جاری کیا۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا:
"سویلین مقامات، بشمول زیر تعمیر پُلوں پر حملے ایرانیوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ یہ حملے صرف انتشار کا شکار دشمن کی شکست اور اخلاقی زوال کو ظاہر کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
"ہر پُل اور ہر عمارت پہلے سے زیادہ مضبوط بنا لی جائے گی، مگر جو چیز کبھی بحال نہیں ہو سکے گی وہ امریکہ کی ساکھ کو پہنچنے والا نقصان ہے۔”
عراقچی کا بیان براہِ راست اس ویڈیو اور پیغام کے جواب میں سامنے آیا جو امریکی صدر نے حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے شیئر کیا تھا۔