چین کا کشمیر میں جی 20 اجلاس میں  شرکت سے انکار

0
169
Photo : Dailysabah

چین نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں آئندہ ہفتے منعقد ہونے والے جی 20 ٹوراِزم اجلاس پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شرکت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

چینی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’چین متنازعہ علاقوں میں جی 20 کا کوئی بھی اجلاس بلانے کی بھرپور مخالفت کرتا ہے اور ایسی کسی بھی میٹنگ میں شرکت نہیں کی جائے گی۔‘

اس سال جی 20 کی میزبانی انڈیا کے پاس ہے اور ستمبر میں نئی دہلی میں منعقدہ سمٹ سے قبل انڈیا نے ملک بھر میں متعدد اجلاس منعقد کروائے ہیں۔

اس سلسلے میں انڈیا نے 22 سے 24 مئی تک جی 20 رکن ممالک کے ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس بلایا تھا۔

انڈیا کی جانب سے اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر اجلاس منعقد کروانے کے لیے آزاد ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے جمعہ کو بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدوں پر امن چین کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے اہم ہے۔

خیال رہے کہ جی 20 کا یہ تین روزہ اجلاس سرینگر کی ڈل جھیل کے کنارے پر منعقد ہو رہا ہے اور یہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ’ایسے علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جہاں بدامنی کا خدشہ ہے تاکہ کسی بھی قسم کے دہشتگرد حملے کا امکان ختم کیا جا سکے۔‘

جمعے کو ایلیٹ انڈین کمانڈو سرینگر کی گلیوں میں پٹرولنگ کرتے نظر آئے اور پورے شہر میں اس دوران انڈیا کا جھنڈا اور جی 20 کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here