بھارت کی حکومت نے ملک کے بیشتر کینٹ ایریاز کی جگہ ملٹری اسٹیشنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کینٹ ایریاز کی سول آبادی کو مقامی حکومتوں میں ضم کیا جائے گا۔
بھارتی حکومت کے اس اقدام کو نو آبادیاتی دور کی یادگار ختم کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نئے حکم نامے کے تحت کینٹ ایریاز میں آنے والے سویلین علاقوں کو مقامی بلدیات میں ضم کر دیا جائے گا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق پہلا کینٹ ایریا جس کی جگہ اب ملٹری اسٹیشن قائم کیا جائے گا وہ ریاست ہماچل پردیش کا یول کینٹونمنٹ ہے جہاں 27 اپریل کو جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق اب ملٹری اسٹیشن بنایا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ملک کی تمام چھاؤنیوں کو ملٹری اسٹیشنز میں تبدیل نہیں کیا جائے گا کیوں کہ بہت سے کینٹ ایریاز اور سویلین آبادیاں آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔