انڈیا کے شمالی سرحدی ریاست پنجاب میں پولیس نے گزشتہ ہفتے فوجی اڈے پر چار اہلکاروں کی ہلاکت کے سلسلے میں ایک فوجی کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق بھارتی پولیس نے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ان چاروں فوجی اہلکاروں کو بدھ کی صبح بٹھنڈہ کے فوجی اڈے پر بیرکوں میں سوتے ہوئے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
ضلعی پولیس سربراہ نے صحافیوں کو بتایا کہ شبہ ہے کہ یہ ہلاکتیں ’ذاتی دشمنی‘ کی وجہ سے ہوئیں۔
اگر ملزم مجرم پایا گیا تو اسے فوج سے بے دخلی، سول عدالتوں میں کورٹ مارشل اور فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ان مقدمات میں اسے زیادہ سے زیادہ عمر قید یا سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بھارتی فوج نے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران فوجی نے حملے میں استعمال ہونے والی رائفل چوری کرنے اور چار ساتھیوں کو قتل کرنے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔