انڈیا کے شہر بٹھنڈا میں ایک ملٹری سٹیشن میں چار فوجی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد انڈین فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک واقعے میں ایک توپ خانہ یونٹ کے چار جوان گولیاں لگنے کے بعد ہلاک ہو گئے۔
انڈین فوج کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس کیس میں تمام عوامل کو دیکھا جا رہا ہے جن میں دو دن قبل اسی یونٹ سے اٹھائیس راوئنڈز سمیت ایک رائفل کی گمشدگی کو بھی جانچا جا رہا ہے۔
انڈین فوج کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد اس جگہ کو مکمل طور پر بند کیا جا چکا ہے اور پنجاب پولیس کی مدد سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
انڈین فوج نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے افواہوں سے گریز کیا جائے۔
بیان میں بتایا گیا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں کوئی اور نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ یہ دہشتگردی کا واقعہ نہیں۔