جرمنی کا یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے کا فیصلہ

0
140

جرمنی نے یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

برلن حکومت نے یہ فیصلہ اتحادیوں کے ‘بے انتہا دباؤ‘ کے تناظر میں اور امریکہ سے قریبی مشاورت کے بعد کیا ہے۔

ماسکو حکومت نے اس فیصلے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

جرمنی نے یوکرین کو ‘لیوپارڈ ٹو‘ ٹینک فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ساتھ ہی دیگر ملکوں کو بھی یہ اجازت دے دی گئی ہے کہ وہ یہ جرمن ساختہ ٹینک یوکرین فراہم کر سکتے ہیں۔ حکومت کے ترجمان اسٹیفن ہیبے شٹرائٹ نے بدھ پچیس جنوری کو اس بارے میں اعلان کیا۔ ابتدائی طور پر 14 ‘لیوپارڈ ٹو‘ ٹینک فراہم کیے جائیں گے۔ جرمن حکومت یوکرین کو دیگر اسلحہ اور فوجی ساز و سامان بھی فراہم کرے گی اور یوکرینی فوجیوں کی جرمنی میں تربیت بھی عنقریب شروع ہو جائے گی۔

جرمنی پر دیگر مغربی اتحادیوں کی جانب سے ایسا کرنے کے لیے کافی دباؤ ہے۔ جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا ہے کہ جرمنی اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے اور فیصلہ اسی مشاورت کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔ چانسلر شولس پہلے سے یہ کہتے آئے ہیں کہ اس ضمن میں کوئی بھی فیصلہ اتحادیوں بالخصوص امریکہ کے ساتھ مکالمت و مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ برلن حکومت چاہتی ہے کہ امریکہ بھی اپنے ٹینک فراہم کرنے کا اعلان کرے تاکہ روسی رد عمل کا تنہا جرمنی کو سامنا نہ کرنا پڑے۔

ماسکو حکومت نے اس فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے، ”مغربی ٹینک یوکرین میں جل کر راکھ بن جائیں گے“۔ کریملن کے ترجمان نے امریکہ اور جرمنی کے اس فیصلے کو ”ایک تباہ کن منصوبہ“ قرار دیا ہے۔ ان کے بقول دفاعی ماہرین اس فیصلے کے تکنیکی امور جانتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ کس قدر ناقص ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here