بھار ت کاکشمیرمیں شدت پسندوں کیخلاف 360ڈگری جال بچھانے کااعلان

0
233

بھارت کے وزیرِ داخلہ امت شاہ نے جمعے کو جموں کے دورے کے دوران شدت پسندوں کے خلاف ‘360 ڈگری’ جال بچھانے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی وزیرِ داخلہ کا یہ بیان رواں ماہ کے آغاز میں بھارتی کشمیر کے ضلع راجوری میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں سات ہندوؤں کی ہلاکت اور 10 کے زخمی ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

بھارتی حکام کے مطابق شدت پسندوں کے خلاف 360 جال بچھانے سے مراد یہ ہے کہ جہاں بھی ان کی موجودگی کی اطلاع ملے، علاقے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا جائے۔

امت شاہ نے راجوری کے اَپر ڈانگری گاؤں میں پیش آئے اس واقعے کی تحقیقات بھارت کے قومی تحقیقاتی ادارے نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) سے کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کام میں جموں و کشمیر پولیس اس کی معاونت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ”اس گھناؤنے واقعے میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے جموں پولیس این آئی اے کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ این آئی اے دہشت گردی کے اُن تمام واقعا ت کی بھی تحقیقات کرے گی جو گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران جموں خطے میں پیش آئے ہیں۔”

میڈیا سے گفتگو میں امت شاہ نے کہا کہ شرکا نے جموں و کشمیر میں تشدد کے خاتمے کے لیے دہشت گردوں اور ان کے مددگاروں کے خلاف 360 ڈگری جال بچھانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ ”اُن تمام سیکیورٹی ایجنسیز نے جو جموں خطے میں حفاظتی صورتِ حال میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں آج کے اجلاس میں شرکت کی اور ہم سب تشدد اور دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے علاقے میں 360 ڈگری جال بچھانے پر متفق ہوئے ہیں۔”

اُن کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں 1990 کی دہائی کے دوران شدت پسندوں کی کارروائیوں میں اضافے کے باعث تشکیل دی گئی ویلیج ڈیفنس کمیٹیوں کو نہ صرف دوبارہ فعال بنایا جارہا ہے بلکہ ان کے اراکین کوروایتی بندوقوں کے بجائے جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔

دفاعی کمیٹیوں کے اراکین کو ہتھیار استعمال کرنے کی تربیت دینے کا کام بھارت کی وفاقی پولیس فورس سی آر پی ایف کو سونپا گیا ہے اور اس میں بھارتی فوج اور مقامی پولیس بھی اہم کردار ادار کررہی ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here