فنڈنگ روکنے کے امریکی فیصلے پر ڈبلیو ایچ او کا اظہار افسوس

0
248

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم کا کہنا ہے کہ صحت کی عالمی تنظیم کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس کی فنڈنگ روکے جانے کے فیصلے پر ‘افسوس’ ہے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹیڈروس ادہانوم نے کہا کہ ادارے نے کسی کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں برتا اور زور دیا کہ یہ ہم سب کے لیے مشترکہ خطرے کے خلاف ہماری مشترکہ جدوجہد کے لیے متحد ہونے کا وقت ہے۔

انہوں نے ناقدین کو یقین دلایا کہ اقوام متحدہ کا صحت کا ادارہ دنیا کے تمام لوگوں کی خدمت کے لیے پرعزم ہے اور اسے حاصل وسائل کے احتساب کا ذمہ دار ہے۔

احتساب کے عمل سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹیڈروس ادہانوم نے کہا کہ ‘مناسب وقت آنے پر کورونا سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کی کارکردگی کا ادارے کے رکن ممالک اور آزاد ادارے جائزہ لیں گے تاکہ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جاسکے۔’

انہوں نے کہا کہ ‘یہ معمول کا عمل ہے جسے ہمارے رکن ممالک نے نافذ کر رکھا ہے۔’

ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ایچ او نے ادارے کی مالی مدد کرنے والے ممالک، تنظیموں اور افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘ڈبلیو ایچ او، امریکی فنڈ روکے جانے کے بعد اپنے کام پر پڑنے والے اثر کا جائزہ لے رہا ہے اور اس خلا کو پ±ر کرنے کے لیے اس کے پارٹنرز کے ساتھ کام کرے گا۔’

واضح رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر عالمی ادارہ صحت کے فنڈ روک دیے ہیں جس پر ماہرین صحت نے اس فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here