انڈین مسالوں میں کینسر کا باعث بننے والے کیمیائی اجزا کی موجودگی کا انکشاف

0
20

امریکہ میں خوراک اور ادویات کی جانچ کرنے والے ادارے ایف ڈی اے نے انڈیا کی دو معروف مسالہ جات کمپنیوں کی مصنوعات کے خلاف تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ان کمپنیوں پر الزام ہے کہ ان کے مسالوں میں کینسر کا باعث بننے والا کیمیائی اجزا ’ایتھلین آکسائیڈ‘ موجود ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ہانک کانگ نے ایتھلین آکسائیڈ کی حد سے زیادہ مقدار کی موجودگی کے الزامات سامنے آنے کے بعد ایم ڈی ایچ کے تین مسالہ جات اور ایورسٹ کی ایک پراڈکٹ پر پابندی عائد کی تھی۔

ہانگ کانگ کے فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ انڈین کمپنیوں ایم ڈی ایچ اور ایورسٹ کے کچھ پیک شدہ مسالوں میں کیڑے مار دوا ایتھلین آکسائیڈ ملی ہے اور لوگوں کو ان کا استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ایم ڈی ایچ اور ایورسٹ کی پراڈکٹس انڈیا اور دنیا بھر میں سب سے زیادہ مشہور مسالہ جات میں شمار ہوتی ہیں۔

اس سے قبل ایورسٹ نے کہا تھا کہ اس کی مصنوعات استعمال کے لیے محفوظ ہیں جبکہ ایم ڈی ایچ نے ان خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔

ایف ڈی اے کے ترجمان نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ’ایف ڈی اے ان رپورٹس سے آگاہ ہے اور اس صورتحال کے حوالے سے اضافی معلومات اکٹھی کر رہا ہے۔‘

سنگاپور نے بھی ایورسٹ کے مچھلی کے مسالوں کو واپس بھجوا دیا ہے اور کہا ہے کہ اس میں مبینہ طور پر ایتھلین آکسائیڈ موجود ہے۔

انڈیا میں مسالہ جات سے متعلق حکومتی بورڈ موجود ہے جو بیرون ملک برآمد کیے جانے والے پراڈکٹس کی نگرانی کرتا ہے۔

اس کی جانب سے رواں ہفتے کے آغاز میں کہا گیا تھا کہ وہ دونوں انڈین کمپنیوں کے حوالے سے معلومات لے رہے ہیں، ان کے پلانٹس میں انسپیکشن شروع ہو گئی ہے اور کوالٹی کے مسئلے کی ’بنیادی وجہ‘ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

دونوں کمپنیوں کی ویب سائٹس سنیچر کو بند ہو گئی تھیں۔

ایتھلین آکسائیڈ کو انڈسٹری میں مختلف کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے مسالہ جات میں جراثیم کش کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

امریکہ کے ماحولیاتی تحفظ کے ادارے ای پی اے کا کہنا ہے کہ یہ کیمیکل انسانوں میں کینسر کا باعث بنتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here