لسبیلہ: گیس سلنڈر دھماکے کے مزید4زخمی چل بسے، تعداد12 ہوگئی

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں گیس سلنڈر دکان میں دھماکے اورآتشزدگی کے مزید 4زخمی چل بسے، ہلاکتوں کی تعداد12ہوگئی ہے۔

ایم ایس ڈاکٹر روبینہ کے مطابق حادثے میں دوران علاج ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہوگئی جبکہ 15 زخمیوں کو طبی امداد دی جا ری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لسبیلہ کے مرکزی بیلا بازار میں دکان کے اندر سلنڈر کی ری فلنگ کے دوران دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔

انہوں نے بتایا کہ آگ کے شعلوں نے دیگر دکانوں اور سلنڈر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں قریب کھڑی درجنوں موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔

لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر مراد کاسی کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے دکان کے مالک سمیت 20 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، پولیس اور لیویز حکام فوری طور پر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے موقع پر پہنچے تھے۔

ڈاکٹر روبینہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، زخمی افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا جسم 70 سے 90 فیصد جھلس چکا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment