بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں گیس سلنڈر دکان میں دھماکا وآتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 8ہوگئی ہے جبکہ ر درجنوں افراد زخمی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لسبیلہ کے مرکزی بیلا بازار میں دکان کے اندر سلنڈر کی ری فلنگ کے دوران دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ آگ کے شعلوں نے دیگر دکانوں اور سلنڈر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں قریب کھڑی درجنوں موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا۔
لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر مراد کاسی کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے دکان کے مالک سمیت 20 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، پولیس اور لیویز حکام فوری طور پر انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے لیے موقع پر پہنچے تھے۔
ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت حاجی عمر، برکت رونجھا، محمد حیات، محمد اقبال، ظہور رونجھا، ہدایت اللہ، محمد یاقوب اور محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔
سول ہسپتال کراچی کی ڈاکٹر روبینہ بشیر کے مطابق ’ہسپتال کے برن سینٹر میں 20 زخمی افراد لائے گئے‘۔
ڈاکٹر روبینہ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، زخمی افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا جسم 70 سے 90 فیصد جھلس چکا ہے۔